یوٹیوب کی جانب سےصارفین کی عمر معلوم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی نئی سہولت شروع کرنے کا اعلان

06:31 PM, 10 Aug, 2025

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک نئی سہولت لا رہا ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کی عمر کا اندازہ لگائے گی تاکہ ہر صارف کے لیے زیادہ محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کیا جا سکے۔ یہ اپڈیٹ 13 اگست 2025 سے شروع ہوگی۔

ابتدائی طور پر یہ ٹیکنالوجی امریکہ میں محدود صارفین کے ایک منتخب گروپ پر آزمایا جائے گا۔ یہ نظام صارف کے اکاؤنٹ کی سرگرمی، دیکھی گئی ویڈیوز کی نوعیت اور سرچ کرنے کے انداز کی بنیاد پر عمر کا تعین کرے گا۔ اگر AI کو شک ہو کہ صارف کم عمر ہے تو اس کے اکاؤنٹ پر خود بخود عمر سے متعلق پابندیاں لگا دی جائیں گی۔

جہاں AI عمر کا صحیح تعین نہ کر سکے، وہاں صارفین کو اپنی عمر کی تصدیق کے لیے سرکاری شناختی دستاویزات یا کریڈٹ کارڈ پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

یوٹیوب کے مطابق، اس ابتدائی تجربے کے نتائج کے بعد یہ نظام آہستہ آہستہ دیگر ممالک میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

کمپنی کا موقف ہے کہ اس جدید نظام سے صارفین کی حفاظت میں بہتری آئے گی اور ان کے تجربے کو عمر کے مطابق بہتر بنایا جائے گا، چاہے ان کے اکاؤنٹ میں موجود تاریخ پیدائش کچھ بھی ہو۔ تاہم، کم عمر صارفین کو ممکن ہے کہ ایسی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے جو انہیں ناپسند آئیں۔

مزیدخبریں