ٹوکیو میں باکسنگ مقابلے کے دوران شدید چوٹ لگنے سے دو جاپانی باکسرز کا انتقال

06:18 PM, 10 Aug, 2025

ٹوکیو: جاپان میں ایک باکسنگ میچ کے دوران سر پر زخم لگنے کی وجہ سے دو نوجوان جاپانی باکسرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 28 سالہ ہیروماسا اوراکاوا کو 2 اگست کو یو جی سائٹو کے خلاف مقابلے کے آٹھویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہونے کے بعد سر پر شدید چوٹیں آئیں، جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، تاہم ہفتے کے روز ان کا انتقال ہوگیا۔

اسی طرح، ایک دن پہلے جمعے کو 28 سالہ شیگیتوشی کوٹاری بھی مقابلے کے دوران سر پر چوٹ لگنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔ دونوں کھلاڑیوں کے دماغ میں خون جم جانے کے سبب فوری آپریشن کیا گیا لیکن وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے ان دونوں کھلاڑیوں کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد جاپان باکسنگ کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اب اورینٹل اینڈ پیسفک باکسنگ فیڈریشن کے تمام ٹائٹل مقابلے 12 راؤنڈز کی بجائے 10 راؤنڈز پر ہوں گے۔

جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، کمیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ستمبر میں ایک خاص اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان حادثات کی وجوہات کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا سکے۔

مزیدخبریں