ژوب آپریشن: مریم نواز کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

01:41 PM, 10 Aug, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہادر سپاہی دشمن کو کہیں بھی ڈھونڈ نکالنے اور ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، چاہے وہ زمین کے کسی کونے میں چھپا ہو یا پہاڑوں میں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں اس ملک کی اصل طاقت اور فخر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ فتنۂ خوارج جیسے عناصر کا مکمل خاتمہ پوری قوم کا عزم ہے، اور ایسے دشمنوں کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ژوب کی تحصیل سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ 14 دہشتگردوں کو کامیابی سے انجام تک پہنچایا تھا۔

مزیدخبریں