اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس پر گہری تشویش ظاہر کی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ غزہ کے محصور عوام کو فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد فراہم کی جائے، اور اسرائیل کو حاصل بے جا استثنا کو ختم کیا جائے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکیہ آئندہ بھی غزہ اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انسانی بحران کے حل کے لیے عالمی برادری کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان اور ترکیہ نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، اور وہ اکثر مسلم دنیا کے مسائل پر مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہیں۔