ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، لاہور کی رونقیں چمک اُٹھیں

03:19 PM, 10 Aug, 2025

لاہور : ملک کے ہر کونے میں 14 اگست کے جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ خاص طور پر لاہور کی گلیاں اور بازار آج کل خوش رنگ جھنڈیوں اور قومی پرچموں سے سجے دکھائی دیتے ہیں، جہاں لوگ بڑی تعداد میں جھنڈیاں، بیجز اور دیگر قومی سامان خریدتے نظر آ رہے ہیں۔

شہری نہ صرف اپنے گھروں بلکہ دکانوں اور دفاتر کو بھی سبز و سفید روشنیوں اور برقی قمقموں سے سجانے میں مصروف ہیں۔ شہر کی رونقیں اور خوبصورت سجاوٹ اس دن کی اہمیت کو چار چاند لگا دیتی ہیں۔

سرکاری سطح پر بھی لاہور میں یومِ آزادی کی تقریب کی بھرپور تیاریاں ہو رہی ہیں۔ مینارِ پاکستان، حضوری باغ اور دیگر عوامی مقامات کو خوبصورت انداز میں سجایا جا رہا ہے تاکہ جشن کو یادگار بنایا جا سکے۔

ادب و فن کے میدان میں بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مشاعرے، خاکے، ڈرامے اور کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بڑھانے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

شہری کہتے ہیں کہ یومِ آزادی صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ ہمارے جذبےِ حب الوطنی، قربانیوں کی یاد اور ملک سے محبت کا عملی اظہار ہے، جسے جوش و خروش سے منانا ہم سب کا فخر ہے۔

مزیدخبریں