اسلام آباد: یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسلام آباد کی معروف مارگلہ ہلز کی چند ٹریلز عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، 3، 4 اور 5 کو 12 اور 13 اگست کی راتوں میں عام شہریوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ تقریبات کو محفوظ طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ یوم آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات جناح اسٹیڈیم، سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں منعقد ہوں گی، جن میں اعلیٰ حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور ان دنوں مارگلہ کی بند ٹریلز کی طرف رخ نہ کریں۔