اسلام آباد : پاکستان میں مون سون کا موسم عروج پر ہے اور مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح لاہور میں ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے اور آزاد کشمیر کے بعض حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔