کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے حادثہ، بہن بھائی جاں بحق، شہریوں کا شدید احتجاج

09:22 AM, 10 Aug, 2025

کراچی: کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں لکی ون شاپنگ مال کے قریب ایک ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں ان کے والد بھی زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، دونوں بچوں کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا کے طور پر ہوئی ہے۔

اس حادثے کے بعد، شہریوں نے مشتعل ہو کر 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی اور ڈمپر کے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، اور فائر بریگیڈ نے آگ بجھائی۔ پولیس نے آگ لگانے کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وے سہراب گوٹھ کو بند کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی وے کو بھی بند کرنے کی دھمکی دی۔ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی لیاقت محسود نے دعویٰ کیا کہ حادثہ ٹینکر کی ٹکر سے ہوا اور ڈمپرز کو آگ لگانے کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈال دی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈرائیور کو سزا دلوانے کے ساتھ ساتھ ڈمپر مافیا کو قابو کرے۔

مزیدخبریں