پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، عوام کے لیے خوشخبری

10:58 PM, 10 Apr, 2026

اسلام آباد: شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 135 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی ہے۔

قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک اہم اور تاریخی موقع پر عوام سے بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی خطے میں کشیدگی کے بجائے اب امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے اور دونوں فریقین بات چیت کے لیے آمادہ ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیش کردہ تجویز کو دونوں ممالک نے قبول کر لیا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا گیا ہے اور انہیں اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس پیش رفت پر وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور خصوصی طور پر عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی۔
 

مزیدخبریں