تل ابیب: عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے قائم سول و عسکری کوآرڈینیشن سینٹر سے اسپین کو نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کوآرڈینیشن نظام امریکی صدر کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کا حصہ ہے، جس کا بنیادی مقصد خطے میں جنگ بندی کے نفاذ اور انسانی امداد کی ترسیل کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسپین کے وزیراعظم نے لبنان، غزہ اور ایران پر اسرائیلی کارروائیوں پر سخت تنقید کی تھی۔
اسرائیلی حکومت کے مطابق اسپین کے حالیہ بیانات اور مؤقف اس مشترکہ تعاون کے دائرہ کار اور فریم ورک سے ہم آہنگ نہیں، اسی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے بعد امن عمل سے متعلق عالمی خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ خطے میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔