ہماری ترجیح اعزاز نہیں بلکہ خطے میں مستقل امن کا قیام ہے: بلاول بھٹو

07:46 PM, 10 Apr, 2026

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر کسی “پلان بی” کی گنجائش نہیں، اور تمام تر توجہ صرف اور صرف “پلان اے” یعنی امن کے فروغ پر ہونی چاہیے۔

برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حالیہ تنازع کے اثرات انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں اور یہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق ایک ماہ کی سفارتی کوششوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کی حمایت اور تصدیق کی ہے، جبکہ ایران کی جانب سے پیش کیے گئے 10 نکاتی منصوبے کو مذاکراتی عمل کی بنیاد بنایا گیا ہے، تاہم بعض امور پر ابھی بھی اختلافات موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں جاری بمباری اور خطے میں جوابی کارروائیوں میں کمی آئی ہے، اور پاکستان امید رکھتا ہے کہ فریقین کے درمیان اعتماد بحال کرنے کے لیے جاری خلا کو جلد پر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع نے انسانی جانوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے۔

نوبل امن انعام سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح کوئی اعزاز نہیں بلکہ دنیا میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عالمی برادری کے پاس کسی متبادل راستے کی گنجائش نہیں، اس لیے امن ہی واحد اور ناگزیر حل ہے۔
 
 
 
 
 
 
 

مزیدخبریں