اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس گفتگو کے دوران فرانسیسی وزیر خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی اور خطے میں امن کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ نے پاکستان کو امن مذاکرات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور لبنان میں جنگ بندی کے ابتدائی معاہدے کے لیے پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فرانس پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور وہاں ہونے والی جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں وزراء نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ انسانی بحران سے بچا جا سکے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فرانسیسی وزیر خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے اور مستقبل میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی: فرانسیسی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار کو فون، قیامِ امن کے لیے پاکستانی کردار کو خراجِ تحسین
01:29 PM, 10 Apr, 2026