چین :چین نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھنے کا اظہار کیا ہے، تاہم اس نے کہا کہ بات چیت برابری اور باہمی عزت کے اصولوں پر ہونی چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ چین اپنے موقف پر آخر تک قائم رہے گا اور دباؤ، دھمکیاں یا بلیک میلنگ کو جائز نہیں سمجھتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی توقع ہے کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک ساتھ کام کرے گا اور اختلافات کو مشاورت کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کرے گا۔ چین نے اس بات پر زور دیا کہ دوسرے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا احترام کیا جانا چاہیے اور ان پر کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری طرف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا اور اس بات پر زور دیا کہ ہر کوئی ٹیرف کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ماضی میں دوسرے ممالک نے امریکہ سے فائدہ اٹھایا، لیکن اب "امریکا کو لوٹنے کے دن ختم ہو چکے ہیں" اور بائیڈن انتظامیہ نے چین کو بے لگام چھوڑ دیا تھا۔