امریکا :اوہائیو ندی میں سیلاب کے بعد کینٹکی کے ایک ریسٹورنٹ کے مالکان نے گندے پانی کو عمارت میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے ایک منفرد حکمت عملی اپنائی۔ پراسپیکٹ میں واقع "کیپٹن کوارٹرز ریور سائیڈ گرل" کے شریک مالک اینڈریو ماسٹرسن نے فیس بک پر ایک لائیو ویڈیو شیئر کی، جس میں دکھایا گیا کہ وہ اور ان کا عملہ کس طرح سیلابی پانی کو ریسٹورنٹ سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اینڈریو ماسٹرسن اور ان کے ٹیم ممبران نے گندے پانی کو روکنے کے لیے ریسٹورنٹ کو تقریباً 6 فٹ صاف میٹھے پانی سے بھرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے سنک، ٹونٹی اور کنویں کے پانی کے پمپ استعمال کیے۔ ماسٹرسن نے ویڈیو میں کہا کہ "ہم نے باورچی خانے کے آلات اور بجلی کے پینلز کو پہلے ہی منقطع کر دیا تھا تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔"
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر یہ حکمت عملی کامیاب ہوئی تو اس سے ریسٹورنٹ کو صفائی کے مہنگے اور وقت طلب کاموں سے بچا جا سکے گا۔