اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا ساتھ دینا تمام مسلمانوں پر فرض ہے، اور پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
قومی فلسطین کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جاری بربریت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ اجتماع تاریخ میں ایک اہم مقام رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے اور اس کی پوری تاریخ خونریزی سے بھری ہوئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کی کوئی مثال نہیں ملتی اور یہ ظلم عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ ہم ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر بھی کڑی تنقید کی کہ بعض حلقے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کر رہے ہیں، تاکہ معیشت کو بہتر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے اصولی موقف کے خلاف ہے۔ انہوں نے مشرف دور میں امریکی دباؤ کے تحت دیے گئے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے خلاف تھے۔