مدھیہ پردیش میں نرالا چور: رقم لے گیا، معافی چھوڑ گیا

04:10 PM, 10 Apr, 2025

مدھیا پردیش :مدھیا پردیش کے ایک چھوٹے سے شہر کھرگون میں ایک چوری کا واقعہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا، لیکن اس بار خبر کا مرکز چوری کی رقم نہیں بلکہ چور کا ضمیر تھا۔

جوجر بوہرا محلے میں واقع ایک دکان سے چور رات کی تاریکی میں داخل ہوا، لاکھوں روپے لے گیا، لیکن جاتے جاتے ایک معافی نامہ چھوڑ گیا۔ اس خط میں لکھا تھا کہ وہ شخص قرضوں کے بوجھ تلے دب کر یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوا۔

"میں آپ کو جانتا ہوں، آپ اچھے انسان ہیں... میں چھ ماہ میں یہ رقم لوٹا دوں گا"، یہ الفاظ کسی فلمی سین کی طرح نہیں بلکہ ایک سچے واقعے کا حصہ ہیں۔ چور نے نہ صرف وعدہ کیا، بلکہ 37 ہزار روپے وہیں چھوڑ دیے تاکہ ظاہر کرے کہ اس نے صرف ضرورت کی رقم ہی لی ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، لیکن مقامی لوگ اس واقعے کو ایک انسانی کہانی کے طور پر دیکھ رہے ہیں جہاں جرم کے پیچھے ایک مجبور انسان کی آواز سنائی دیتی ہے۔

مزیدخبریں