لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے سکیم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور قرض دینے کے عمل کو مزید آسان بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سکیم کے تحت ٹرانسپورٹ، فارماسوٹیکل اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کی 80 ہزار سے زائد قرض کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں، جن میں سے 34 ہزار افراد کو قرض فراہم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی اور قرض حاصل کرنے والوں سے فیڈ بیک لینے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے قرض حاصل کرنے والوں سے فون پر بات کی اور ان کے تجربات معلوم کیے۔ کریانہ سٹور کے کاروبار کرنے والے عدنان علی نے 3 لاکھ 55 ہزار روپے حاصل کرنے کے بعد اپنے کاروبار میں بہتری لانے کا بتایا۔ اسی طرح تونسہ سے زرعی مداخل کا کاروبار کرنے والے معین الدین نے ایک لاکھ 56 ہزار روپے کے ذریعے اپنے کاروبار کو بہتر بنایا اور شکریہ ادا کیا۔
مزید برآں، لودھراں کے ندیم احمد نے 8 لاکھ روپے قرض حاصل کر کے اپنی دکان میں مال بڑھایا اور کاروبار میں اضافہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ان سب افراد کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں دیں اور کہا کہ اس سکیم کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔