اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں جیسے مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ بلوچستان میں لسبیلہ، خضدار اور آس پاس کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
سندھ کے شمالی علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور کشمور میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، تاہم سندھ کے باقی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں بشمول سوات، مالاکنڈ، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔