دبئی: ایشیا کپ 2025 کا رنگا رنگ آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہو گیا ہے، اور اسی سلسلے میں دبئی میں ایک شاندار تقریب کے دوران ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ اس موقع پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی کی نقاب کشائی کی، جس میں تمام شریک ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔
رونمائی کی تقریب میں جہاں میڈیا کا خاصا رش نظر آیا، وہیں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا مصافحہ اور آنکھوں کا آمنا سامنا، تقریب کا سب سے توجہ طلب لمحہ بن گیا۔بعد ازاں پریس کانفرنس میں مختلف ٹیموں کے کپتانوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ قومی کپتان سلمان علی آغا نے کہا:
"ہم مکمل تیاری کے ساتھ ایشیا کپ میں آ رہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک اہم موقع ہے اور ہم پُر اعتماد ہیں کہ ٹیم ایک یونٹ بن کر اچھی کارکردگی دکھائے گی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کو یو اے ای کی کنڈیشنز کا تجربہ ہے، کیونکہ پی ایس ایل سمیت یہاں کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ پاک بھارت میچ سے متعلق ان کا کہنا تھا:"کوئی خاص ہدایت نہیں، صرف اپنی گیم پر فوکس رکھیں گے۔ ٹی 20 میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے۔"
بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا:"ہم جذبات کے ساتھ نہیں، لیکن مکمل جذبے کے ساتھ کھیلنے آ رہے ہیں۔ ہر ٹیم کے پاس جیتنے کا موقع ہوتا ہے۔"
افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ان کی ٹیم ہر میچ میں بھرپور محنت کرے گی:"ہمارا فوکس سیمی فائنل یا فائنل پر نہیں، بلکہ ہر میچ میں اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے۔"
ایونٹ کا پہلا میچ آج ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔ شائقین کو سب سے زیادہ جس میچ کا انتظار ہے، یعنی پاکستان بمقابلہ بھارت، وہ 14 ستمبر کو شیڈول ہے۔ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔