لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کچھ اپوزیشن اراکین نے انہیں ووٹ دینے کے لیے رابطہ کیا، لیکن انہوں نے ان سے کہا کہ وہ اپنے امیدوار کو ووٹ دیں۔
رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے رویے کو غیر جمہوری اور سیاسی لحاظ سے غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حامی صرف فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ پوری قوم کو چاہیے کہ وہ ان کی سازشوں کو روکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے مخالفین کو گالیاں دینے اور توہین کرنے کو اپنی پالیسی بنا لیا ہے، اور اس کی وجہ سے سیاست میں تعطل پیدا ہو رہا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاست کا راستہ بات چیت سے نکلتا ہے، نہ کہ بائیکاٹ سے۔
انہوں نے ملک کو درپیش بیرونی خطرات کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کی قیادت سننے کو تیار نہیں تھی، لیکن سیاسی اور عسکری قیادت کے اتفاق سے مسائل حل ہوئے۔
انہوں نے علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ان کے حقوق دیے جا رہے ہیں، لیکن پی ٹی آئی نے بدتمیزی کو اپنی پالیسی بنا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی سینیٹ کی نشست پر آج ضمنی انتخاب ہو رہا ہے، تاہم اپوزیشن نے ووٹ کاسٹ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔