کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے چینلز کے مالکان کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر آزمائش کے طور پر پیش کر دیا ہے۔ اب چینل ایڈمنز اپنے فالوورز کے لیے کوئز بنا سکیں گے جس میں سوالات اور مختلف جوابات کے آپشنز ہوں گے۔
صارفین کو موقع ملے گا کہ وہ ان سوالات کے جواب دیں اور فوراً جان سکیں کہ ان کا جواب صحیح ہے یا نہیں۔ لیکن دوسروں کے جوابات کا نتیجہ وہ تب تک نہیں دیکھ سکیں گے جب تک خود جواب نہ دے دیں۔ اس طرح سب کو کوئز میں حصہ لینے کی ترغیب ملے گی۔
چینل مالکان یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کتنے لوگ درست جواب دے رہے ہیں اور کن موضوعات میں زیادہ دلچسپی ہو رہی ہے۔ اس فیچر سے چینلز پر صارفین کی شرکت بڑھے گی اور وہ اپنی رائے بھی دے سکیں گے۔
ابھی یہ فیچر محدود صارفین کو دیا گیا ہے تاکہ اس کی جانچ پڑتال کی جا سکے، اور مستقبل میں اسے گروپ چیٹس اور سٹیٹس اپڈیٹس تک بھی لے جانے کا امکان ہے۔