اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان براہ راست فضائی سفر کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اس کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی معاہدہ کامیابی سے طے پا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ معاہدہ ایران کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد ممکن ہوا، اور اس پر تعاون کرنے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی سفیر کے مطابق ایران کی مشہور ایئر لائن "ایران ایئر ٹور" اسلام آباد کے لیے براہ راست پرواز شروع کرے گی۔ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ یہ اقدام سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کو مضبوط کرے گا۔ ایرانی عوام پاکستان کی خوبصورتی اور مہمان نوازی سے ضرور متاثر ہوں گے۔