کراچی : کراچی میں مون سون سسٹم کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے باعث محکمہ موسمیات نے آج شہر میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں 4 سے 6 بارش کے وقفے ہوں گے، جن میں بعض جگہوں پر 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
یہ غیر معمولی موسم کا نظام بھارت کی جانب سے سندھ میں داخل ہو رہا ہے اور بارش کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔ اس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر نشیبی علاقے پانی میں ڈوبنے کا سامنا کر سکتے ہیں۔
ملیر ندی میں بھی گزشتہ روز سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے جو کافی عرصے سے خشک تھی۔ بارشوں کے پیش نظر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے آج کے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور کلاسز آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کھلے ننگے تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کریں۔
گزشتہ روز سے کراچی میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔