نادرا کا بڑا قدم: شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل

10:45 PM, 9 Oct, 2025

اسلام آباد: نادرا نے اپنی جدید پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) اور دیگر دستاویزات حاصل کرنے کا پورا عمل ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا ہے۔ اس اقدام سے عوام کو اب نادرا دفاتر میں لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ نے شہریوں کے لیے شناختی خدمات کا طریقہ کار آسان اور تیز بنا دیا ہے۔ اب لوگ گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق، دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور درخواست کی پیش رفت دیکھنے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایپ کے آغاز کے صرف تین ماہ کے دوران 12 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اسے ایک کروڑ سے زائد صارفین ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ پاک آئی ڈی ایپ ملک کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سرکاری ایپلیکیشنز میں شامل ہو چکی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد درخواستیں اس ایپ کے ذریعے نمٹائی جا رہی ہیں، جس سے شہریوں کو سہولت اور ادارے کی کارکردگی دونوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

سید شباہت علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کی بدولت نادرا کو ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام ملک میں ای گورننس کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

مزیدخبریں