اسلام آباد : سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حالیہ دنوں ایک واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف الزامات عائد کیے اور نہتے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، خصوصاً فضائیہ اور بری فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر ملک کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ "افواج پاکستان کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے بعض عناصر دشمن کی زبان بولتے ہوئے اپنے ہی اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔"
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دشمن نے اگرچہ سیز فائر کا اعلان کیا ہے، لیکن اس کی افواج اب بھی سرحدوں پر موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج پوری طرح مستعد ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ "سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر جب بات پاکستان کی ہو تو پوری قوم متحد ہوتی ہے۔"