اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی نجکاری میں کسی قسم کی تاخیر یا دفتری رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ خود اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو 24 میں سے 15 اداروں کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ نجکاری کے دوران قومی مفاد، شفافیت اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے ماہرین کی مدد سے یہ عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ قومی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ غیر فعال اور قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اداروں کی نجکاری جلد مکمل کی جائے اور سرکاری نظام میں موجود سرخ فیتے کو ختم کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، سردار اویس لغاری، بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔