راولپنڈی : ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے درابن علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا بہادر افسر میجر سبطین حیدر شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج کے ممبر تھے، جو ملک میں مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
میجر سبطین حیدر، جو کوئٹہ سے تعلق رکھتے تھے، اپنی جان کا نذرانہ دے کر اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور قربانیوں کے باوجود یہ جنگ جاری رہے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے میجر سبطین حیدر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی میجر سبطین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف ایک روشن مثال ہے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو چھپنے نہ دیا جائے۔