اقبالؒ کی شخصیت اور ان کے افکار ایک قیمتی ورثہ ہیں جنہوں نے مسلمانوں میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا، محسن نقوی

12:47 PM, 9 Nov, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کی شخصیت اور ان کے افکار ایک قیمتی ورثہ ہیں جنہوں نے مسلمانوں میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبالؒ کے خواب کا نتیجہ ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ ان کے فلسفے نے نوجوانوں میں بلند حوصلہ، مضبوط ایمان اور خود اعتمادی پیدا کی۔ اقبالؒ کی شاعری ایک ایسا پیغام ہے جو ہمیں عمل کی ترغیب دیتی ہے اور فکر کو جلا بخشتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اقبالؒ کے اصولوں پر عمل کر کے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کام کرنا ہوگا۔ خاص طور پر نوجوانوں کے لیے اقبالؒ کا پیغام ایک روشن رہنمائی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی خودی کو پہچان کر پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں اقبالؒ کے پیغام کو اپنا کر اپنے ملک کی ترقی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبالؒ کے افکار پر عمل کرنے اور پاکستان کو ترقی کی بلندیاں تک پہنچانے کی توفیق دے، آمین۔

مزیدخبریں