کراچی: سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کراچی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں قومی دفاع اور سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر قومی اتحاد، یکجہتی اور استحکام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔