راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اور شہری آبادی پر حملوں کے بعد دشمن کو "دوٹوک للکار" دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی مہم جوئی کا جواب "پہلے سے زیادہ شدید" دیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ دشمن اپنی حدود میں رہے، ورنہ اسے ایک بار پھر عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاک فوج کے ترجمان نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ دہشت گرد بھارت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت مفروضوں کا سہارا لیا اور لائن آف کنٹرول پر پرامن شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا "بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا اس کی بزدلی کا ثبوت ہے، جس کا پاکستانی افواج بھرپور قوت کے ساتھ جواب دے رہی ہیں۔
عسکری ترجمان نے گزشتہ سال پہلگام میں بھارت کے "فالس فلیگ آپریشن" کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو گزشتہ سال کی ہزیمت یاد رکھنی چاہیے۔ گزشتہ برس جب بھارت نے پہلگام ڈرامے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی تھی تو پاک فوج نے اسے منہ توڑ جواب دے کر پسپا ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔
خبر کے مطابق، پاک فوج کے تمام فارمیشنز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور امن کا خواہاں ہے، لیکن اس امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے کسی بھی ملک کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں اور دشمن کی کسی بھی غلط فہمی کا ازالہ میدانِ جنگ میں کیا جائے گا۔
جارحیت کا انجام عبرتناک ہوگا: پاک فوج کی بھارت کو آخری وارننگ
11:08 AM, 9 May, 2026