ڈھاکہ :پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد عباس کی تباہ کن بولنگ نے بنگال ٹائیگرز کو 413 رنز پر محدود کر دیا۔ پاکستان نے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کر دیا ہے اور اوپنرز پراعتماد انداز میں کریز پر موجود ہیں۔
بنگلادیشی ٹیم نے آج اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو محمد عباس نے ان کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔ عباس نے اپنی عمدہ لائن اور لینتھ سے بنگلادیشی لوئر آرڈر کو تاش کے پتوں کی طرح بکھیر دیا اور اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔تجربہ کار مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں لے کر عباس کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ حسن علی اور نعمان علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
میزبان ٹیم کے 413 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق اور ڈیبیو کرنے والے نوجوان اذان اویس نے اننگز کا آغاز کیا۔ قومی اوپنرز نے اب تک 15 اوورز تک بنگلادیشی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔ نوجوان اذان اویس اپنے پہلے ہی میچ میں پراعتماد دکھائی دے رہے ہیں اور امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب لے جا رہے ہیں۔
ڈھاکہ ٹیسٹ؛ محمد عباس کا بنگلادیشی بیٹنگ لائن پر وار، 5 وکٹیں اڑا دیں، پاکستان کی جوابی بیٹنگ شروع
03:27 PM, 9 May, 2026