سندھ میں سورج آگ برسانے کو تیار، محکمہ موسمیات کا ہیٹ ویو الرٹ، پارہ 49 ڈگری تک جانے کا امکان

03:17 PM, 9 May, 2026

کراچی :محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے سندھ میں گرمی کی شدید لہر (ہیٹ ویو) کے پیشِ نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 11 مئی تک صوبے کے بیشتر اضلاع شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ اندرونِ سندھ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی کے لیے اگلے 3 روز کا خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق      شہر میں پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہے گا، تاہم ہوا میں 65 فیصد تک نمی کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس ہوگی۔
 سمندری ہواؤں کی بندش اور مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے باعث شہر میں گرمی اور مرطوب موسم کا راج رہے گا۔اندرونِ سندھ پارہ 49 ڈگری کو چھوئے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اور وسطی سندھ کے اضلاع بالخصوص سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوابشاہ شدید ترین گرمی کا مرکز بنیں گے۔ ان علاقوں میں پارہ 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے ۔شہری دوپہر کے وقت سورج کی براہِ راست تپش میں نکلنے سے گریز کریں۔ پانی اور نمکیات کا استعمال بڑھا دیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔ کسان اور محنت کش طبقہ سر ڈھانپ کر رکھیں اور ٹھنڈی جگہوں پر آرام کو ترجیح دیں۔

مزیدخبریں