پاکستان اور بنگلہ دیش میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر پیش رفت، انسدادِ منشیات معاہدے پر دستخط

10:18 AM, 9 May, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد   سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں رابطوں اور پیش رفت کو مزید مؤثر بنائے گا۔

اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایک اہم تعاون معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت معلومات کے تبادلے، مشترکہ آپریشنز اور انسدادِ منشیات سے متعلق اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خطے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سفارتی حلقوں کے مطابق حالیہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

مزیدخبریں