بھارت کا پہلگام حملے کا الزام بے بنیاد، بغیر ثبوت ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

09:19 PM, 9 May, 2025

راولپنڈی : ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگانا ایک بار پھر پرانا پروپیگنڈا دہرانے کے مترادف ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ اصل حقائق سے ہٹانا ہے۔

راولپنڈی میں غیر ملکی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے محض 10 منٹ میں واقعے کی تفتیش مکمل کرنے اور پاکستان پر الزام عائد کرنے کا ناقابلِ یقین دعویٰ کیا، حالانکہ حملے کی جگہ پاکستان کی سرحد سے 230 کلومیٹر دور ہے اور بھارتی سیکیورٹی کی موجودگی انتہائی سخت ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی ایف آئی آر میں فوری طور پر سرحد پار سے دہشتگردی کا تاثر دیا گیا، حالانکہ شواہد یا تفتیشی عمل کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارتی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر سیاسی فائدے کے لیے فرضی دشمن کھڑا کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔

پریس بریفنگ میں انہوں نے ماضی کے چتی سنگھ پورہ اور پلوامہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی فوج اور حکومت ان واقعات کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر چکی ہے، جس کے ثبوت خود بھارتی عہدیداروں کے بیانات میں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن میں 33 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ جواب میں پاکستان نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور شہری آبادی کو مکمل طور پر محفوظ رکھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی میڈیا کے سامنے پیش کیے، جن میں اعترافی بیانات، آڈیو کالز اور دیگر ثبوت شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر کے اپنی عوام تک صرف سرکاری بیانیہ پہنچنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کے ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔

مزیدخبریں