بھارت دہشتگردی کے الزامات لگا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش مسترد: ترجمان پاک فوج

04:33 PM, 9 May, 2025

راولپنڈی :پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ہر دہشتگرد حملے کا الزام پاکستان پر ڈال کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔ ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو دیے گئے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جسے بھارت نے بغیر کسی معقول وجہ کے مسترد کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں میں چھ مقامات پر حملے کیے، جن میں عام شہری نشانہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بغیر ثبوت کے الزامات لگانا ایک پرانا وطیرہ ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ ہٹانا اور اندرونی سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان بھارتی الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اگر بھارت کے پاس ثبوت ہیں تو وہ انہیں کسی غیر جانبدار بین الاقوامی فورم پر پیش کرے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر بڑے حملوں، ڈرونز اور طیاروں کے استعمال سے متعلق جو بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے، وہ سراسر جھوٹ اور سنسنی خیز پروپیگنڈا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کسی بڑے حملے کا آغاز نہیں کیا بلکہ صرف چھوٹے ہتھیاروں سے ان بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جو پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کر رہی تھیں، اور یہ ردعمل مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے۔

مزیدخبریں