پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان، بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز ملتوی ہونے کا خدشہ

02:51 PM, 9 May, 2025

لاہور: پاک بھارت کشیدہ تعلقات نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پانچ میچز پر مشتمل یہ سیریز 25 مئی سے 3 جون تک پاکستان میں کھیلی جانی تھی، تاہم حالیہ حالات کے پیش نظر اس کے ملتوی ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی پاکستان آمد 21 مئی کو متوقع ہے، جبکہ ابتدائی دو میچز فیصل آباد اور باقی تین لاہور میں کھیلے جانے تھے۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مشاورتی عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیریز کو ملتوی کرنے یا نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات منتقل کیے جا چکے ہیں، اور فائنل 18 مئی کو کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔

مزیدخبریں