خطہ جنگ کے دہانے پر، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا : محسن نقوی

12:00 PM, 9 May, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں صورتحال نہایت کشیدہ ہے اور حالات کسی بھی وقت جنگ کی طرف جا سکتے ہیں، لیکن پاکستان اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ بات انہوں نے امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی، جو 48 گھنٹوں میں ان سے دوسری اہم ملاقات تھی۔ ملاقات میں امریکا کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر بھی شریک تھے۔

محسن نقوی نے امریکی سفیر کو بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کی، لیکن پاکستان نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے کئی بھارتی ڈرونز تباہ کر دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ان کارروائیوں سے خطے میں امن کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، اور اس تمام صورتحال کا ذمہ دار صرف بھارت ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

مزیدخبریں