ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کفایت شعاری پیکج: وزیراعظم کا 3 چھٹیوں اور تنخواہوں کی بندش کا اعلان

09:35 PM, 9 Mar, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپنے حالیہ خطاب میں مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے پیشِ نظر "تاریخی کفایت شعاری پیکج" کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی معیشت کو بچانے کے لیے اشرافیہ اور حکومتی مشینری کو قربانی دینا ہوگی۔
وزیراعظم نے سرکاری سطح پر اخراجات کم کرنے کے لیے درج ذیل سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔    وفاقی کابینہ کے تمام ارکان اگلے دو ماہ تک اپنی تنخواہیں نہیں لیں گے۔ تمام سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی کر دی گئی ہے۔ تمام سرکاری محکموں کی 60 فیصد گاڑیوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ وزراء کے غیر ملکی دوروں، سرکاری عشائیوں اور افطار پارٹیوں پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔
تیل کی کھپت اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے دفاتر کے نظام میں بڑی تبدیلی کی ہے۔    ملک بھر میں اب ہفتے میں صرف 4 دن دفاتر کھلیں گے جبکہ 3 دن تعطیل ہوگی۔    اس فیصلے کا اطلاق بینکوں پر نہیں ہوگا تاکہ تجارتی اور مالیاتی لین دین متاثر نہ ہو۔    تمام سرکاری محکموں کو اپنے مجموعی اخراجات میں فوری طور پر 20 فیصد کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 60 ڈالر سے بڑھ کر 100 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کا بوجھ پاکستان پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، تاہم حکومت غریب عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
ملکی دفاع کے حوالے سے وزیراعظم نے پاک افواج کی قیادت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو سخت حکم دیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اشرافیہ پر زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر ملکی معیشت کو سہارا دیں۔

مزیدخبریں