ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مجتبیٰ خامنہ ای کے ایران کے نئے سپریم لیڈر منتخب ہونے پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر پیوٹن نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ نئی ایرانی قیادت دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔
صدر پیوٹن نے ایران میں قیادت کی منتقلی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا مجھے پختہ یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے عظیم مشن کو آگے بڑھائیں گے اور ایران کی خود مختاری کا دفاع جاری رکھیں گے۔ روسی صدر نے امید ظاہر کی کہ نئے سپریم لیڈر اپنی بصیرت سے مشکل وقت میں ایرانی عوام کو متحد رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران صدر پیوٹن نے تہران کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ روس ہر مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سیاسی دباؤ کے باوجود روس اور ایران کا سٹریٹجک تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کا یہ بیان اس بات کی علامت ہے کہ روس ایران میں قیادت کی تبدیلی کے بعد بھی تعلقات میں کسی قسم کا تعطل نہیں دیکھتا، بلکہ وہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد کے نظریات کا مضبوط جانشین تصور کرتا ہے۔
ماسکو اور تہران کے سٹریٹجک اتحاد کی تجدید: صدر پیوٹن کا مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت پر بھرپور اعتماد
04:38 PM, 9 Mar, 2026