اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں ٹیلی کام سیکٹر کے سب سے بڑے منصوبے '5G اسپیکٹرم' کی نیلامی کل (منگل) سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزراء اور چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور خودکار (Automated) رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے نیلامی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اب تک صرف 274 میگا ہرٹس اسپیکٹرم استعمال ہو رہا تھا، جسے اب بڑھا کر 600 میگا ہرٹس کیا جا رہا ہے، جس سے انٹرنیٹ کی بھیڑ (Congestion) ختم ہوگی۔ نیلامی کے لیے مخصوص سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے تمام عمل لائیو دکھایا جائے گا، تاکہ شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھ سکے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کے مطابق تمام ٹیلی کام کمپنیوں نے تربیتی نیلامی (Mock Auction) میں حصہ لے کر سافٹ ویئر اور طریقہ کار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کمپنیوں نے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ وہ نیلامی میں بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ حصہ لے سکیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس نیلامی کا بنیادی مقصد خزانہ بھرنا نہیں بلکہ 5G کی آمد سے ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ پی ٹی اے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ 5G کی فراہمی کے باوجود موبائل پیکجز کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہ ہوں۔ اس اقدام سے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل نقشے پر ایک جدید ملک کے طور پر ابھارا جائے گا۔
پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی دستک: کل 600 میگا ہرٹس 5G سپیکٹرم کی نیلامی ہوگی، لائیو براڈکاسٹ کا فیصلہ
03:25 PM, 9 Mar, 2026