مریم نواز کی سربراہی میں پنجاب میں اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل دیدی

11:57 AM, 9 Mar, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 11 رکنی پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی بنا دی ہے۔ کمیٹی کی قیادت سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کریں گی اور سیکرٹری فنانس کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔

کمیٹی کا کام صوبے کے مختلف اضلاع میں صنعتی مواقع کی نشاندہی کرنا، اہم سیکٹرز کی ترجیحات طے کرنا اور قلیل و طویل مدتی عملی منصوبے تیار کرنا ہوگا۔ پرائیویٹ سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سیکٹر وائز پلان مرتب کیا جائے گا۔

کمیٹی سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے متعلقہ صنعتوں کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے اور مقامی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ سے منسلک کرنے پر بھی توجہ دے گی۔ مزید برآں، پائیدار اقتصادی ماحولیاتی نظام قائم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

 اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی اکنامک گروتھ کے لئے پائیدار ایکو سسٹم کی تشکیل پر بھی کام کرے گی، ساہیوال میں ڈیری پروڈکٹ، لاہور آئی ٹی سافٹ ویئر، گارمنٹ سٹی، میٹ اور لیدر، فیصل آباد میں ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، فرنیچر سٹی، ڈیری پراسیسنگ اور گوجرانوالہ میں سرجیکل، سپورٹس، گجرات میں فین، رائس ایکسپورٹ اور اپلائنیسس کی تجویز بھی دی گئی ہے۔کمیٹی کا مقصد صوبے میں صنعتی ترقی کو بڑھانا، نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا اور پنجاب کی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن دلانا ہے۔

مزیدخبریں