بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور

09:03 AM, 9 Mar, 2026

بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر ایک نئے اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں ملک دشمن عناصر کی جانب سے پھیلایا جانے والا پسماندگی اور محرومیوں کا منفی بیانیہ اپنی حیثیت کھو چکا ہے۔ صوبے میں تعلیم، صحت، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے عملی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ نئے سکولوں کی تعمیر، شاہراہوں اور سڑکوں کے جال کی توسیع اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات اس بات کی واضح مثال ہیں کہ بلوچستان کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ اقدامات ایک طرف عوامی زندگی میں سہولت اور بہتری لا رہے ہیں تو دوسری جانب صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور نئے مواقع کی بنیاد بھی فراہم کر رہے ہیں۔ ان وسیع تر ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ معیشت کے بنیادی شعبوں کو بھی مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جن میں زرعی شعبہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ بلوچستان میں زرعی ترقی اور کسانوں کی بہبود کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو (GCI) کے ذریعے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے زرعی شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا اور کسانوں کو ایسی سہولیات فراہم کرنا ہے جو انہیں معاشی طور پر مستحکم بنا سکیں۔ زرعی ترقی کے اس پروگرام کو مؤثر بنانے کے لیے مالیاتی شعبے کی شمولیت بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ اسی تناظر میں عسکری بینک نے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کے ساتھ بلوچستان میں زرعی ترقی کے لیے تذویراتی تعاون کا آغاز کیا ہے۔ یہ تعاون اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے اب مختلف ادارے مشترکہ طور پر کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس اشتراک کے تحت بلوچستان کے کسانوں کو تین ارب روپے کی بلا سود زرعی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام خاص طور پر ان کسانوں کے لیے نہایت اہم ہے جو محدود وسائل کے باعث جدید زرعی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ اس بلا سود مالی معاونت کے ذریعے کسان معیاری بیج، کھاد، زرعی آلات اور دیگر ضروری وسائل تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے، جس سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ یہ مالی سہولیات صرف روایتی زراعت تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ اس کے ذریعے زرعی فارمنگ کے ساتھ ساتھ نان فارم سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اس میں زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، سٹوریج اور دیگر معاشی سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس طرح زرعی معیشت کو ایک مضبوط اور وسیع بنیاد فراہم کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ عسکری بینک کے صدر اور سی ای او ضیاء اعجاز کے مطابق گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کے ساتھ یہ تعاون بلوچستان کے کسانوں کی خوشحالی اور ان کی معاشی بہتری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے کسانوں کو وہ مالی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو انہیں اپنی زرعی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد دیں گی۔ اسی طرح گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کے سی ای او نے اس اشتراک کو بلوچستان کے زرعی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام صوبے کی معاشی ترقی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو گا اور اس کے ذریعے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا۔ بلوچستان میں زرعی ترقی کے یہ اقدامات دراصل ایک وسیع تر معاشی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ جس کے تحت نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ مقصود ہے بلکہ ایک ایسا معاشی ماحول بھی پیدا کیا جا رہا ہے جس میں کسان اور دیہی آبادی بہتر معاشی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس سے معیشت کے دیگر شعبے بھی متحرک ہو جاتے ہیں۔ جب زرعی سرگرمیاں بڑھتی ہیں تو اس سے تجارت، نقل و حمل اور خوراک کی صنعت جیسے شعبے بھی ترقی کرتے ہیں۔ یوں ایک مثبت معاشی سلسلہ وجود میں آتا ہے جو مجموعی اقتصادی ترقی اور استحکام کو تقویت دیتا ہے۔ بلوچستان میں زرعی شعبے کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک جانب تعلیمی اداروں کی تعمیر مراکز صحت کی فعالی کے منصوبے جاری ہیں تو دوسری جانب معیشت کے بنیادی شعبوں کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ اس متوازن حکمت عملی کا مقصد یہ ہے کہ صوبے کی ترقی صرف ایک شعبے تک محدود نہ رہے بلکہ مختلف شعبوں میں یکساں طور پر آگے بڑھے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے شروع کیے گئے یہ اقدامات دراصل بلوچستان میں معاشی استحکام اور ترقی کے ایک نئے باب کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ اس کے ذریعے ایک ایسا معاشی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جو طویل المدتی ترقی کو یقینی بنا ئے گا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ زرعی ترقی کے یہ اقدامات دیہی علاقوں میں سماجی اور معاشی بہتری کا سبب بنیں گے۔ جب کسان خوشحال ہوں گے تو اس کے اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوں گے۔ بہتر آمدنی سے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔ آج بلوچستان ایک ایسے مرحلے سے گزر رہا ہے جہاں ترقی کے مختلف منصوبے ایک دوسرے سے جڑ کر ایک جامع ترقیاتی منظرنامہ تشکیل دے رہے ہیں۔ تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور معیشت کے شعبوں میں جاری اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صوبے کی ترقی کے لیے ایک واضح اور مربوط سمت متعین کی جا چکی ہے۔ بہت جلد بلوچستان نہ صرف معاشی طور پر مضبوط ہو گا بلکہ یہ ترقی پورے پاکستان کے لیے خوشحالی اور استحکام کا باعث بھی بنے گی۔ مختصراً یہ کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو اور عسکری بینک کے اشتراک سے بلوچستان میں زرعی ترقی کا جو نیا باب شروع ہوا ہے، وہ صوبے کی معاشی خود کفالت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ اقدامات کسانوں کو بااختیار بنانے، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اسی تسلسل کے ساتھ جاری ترقیاتی اقدامات بلوچستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی ایک نئی منزل کی جانب گامزن کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں