اسحاق ڈار اور صومالی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، پاکستانی یرغمالیوں کی فوری رہائی پر زور

09:50 PM, 9 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کے روز صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں بحری جہاز MT Honour 25 پر موجود پاکستانی شہریوں کی رہائی سے متعلق جاری پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب جہاز کے اغوا کے واقعے کے بعد سے صومالی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس معاملے کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ یرغمال بنائے گئے افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ان کی جلد رہائی ممکن بنائی جائے اور انہیں محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جائے۔

صومالی وزیر خارجہ عبدالسلام علی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جب تک یہ معاملہ مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتا، قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

مزید برآں، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ صومالی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہا۔
 
 

مزیدخبریں