بسیمہ میں سکیورٹی فورسز کی کاری ضرب: 'فتنہ الہندوستان' کے 14 دہشت گرد ہلاک، لانس حوالدار محمد عباس جامِ شہادت نوش کر گئے، آئی ایس پی آر

08:29 PM, 9 Jun, 2026

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع بسیمہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک انتہائی جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے بیرونی شہ پر چلنے والے گروہ 'فتنہ الہندوستان' کے 14 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ سنسنی خیز معرکہ ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں اس وقت پیش آیا جب فورسز کو پکا سراغ ملا کہ دہشت گردوں نے مقامی پولیس اسٹیشنوں اور بینکوں کو نشانہ بنانے کے لیے نیٹ ورکنگ مکمل کر لی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دشمن کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر فوراً دھاوا بولا اور ان کے مذموم عزائم کو ملیا میٹ کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق، آپریشن کے دوران فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے تمام راستے مسدود کر دیے اور انہیں گھیراؤ میں لے کر نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس شدید تبادلے میں 14 تخریب کار موقع پر مارے گئے جبکہ کئی زخمی حالت میں گرفتار یا روپوش ہیں۔ فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال 4 گاڑیاں اور بھاری مقدار میں موجود بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ بھی اڑا دیا۔ اس کڑے آپریشن کے دوران پاک فوج کے غیور اور بہادر لانس حوالدار محمد عباس نے دلیری کی انتہا کرتے ہوئے وطن پر اپنی جان نچھاور کی اور شہادت کا رتبہ پایا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے بقیہ دہشت گردوں کے مکمل صفائے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے واشگاف الفاظ میں اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی کے اس کینسر کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور یہ مہم پوری قوت کے ساتھ بلا تعطل جاری رہے گی۔

مزیدخبریں