ایچ آئی وی اور ملیریا کا خاتمہ: وزیراعظم شہباز شریف کی گلوبل فنڈ کے ساتھ مل کر 'مشترکہ ورکنگ گروپ' بنانے کی منظوری

07:03 PM, 9 Jun, 2026

اسلام آباد: ملک سے موذی امراض کے خاتمے اور صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے حکومتِ پاکستان اور گلوبل فنڈ کے مابین ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

یہ اہم فیصلہ اسلام آباد میں گلوبل فنڈ کے اعلیٰ سطحی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وفد کی قیادت گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ سینئر پورٹفولیو مینجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی اپ گریڈیشن اور ترقی پذیر ممالک میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے گلوبل فنڈ کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک سے ٹی بی، ملیریا اور ایچ آئی وی کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان امراض کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر وزارتِ قومی صحت کے حکام نے وفد کو ملک بھر میں بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے حوالے سے کی جانے والی حکومتی کوششوں پر بریفنگ بھی دی۔

گلوبل فنڈ کے وفد نے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کو سراہا۔ وفد کے سربراہ نے حکومتِ پاکستان کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلوبل فنڈ ٹی بی، ملیریا اور ایچ آئی وی سے پاک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنا مالی و تکنیکی تعاون جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں