کیلیفورنیا: ایپل کی جانب سے ہر سال کی روایت کے مطابق اس بار بھی آئی فون صارفین کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت iOS 27 متعارف کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایپل کا یہ نیا سافٹ ویئر ممکنہ طور پر رواں سال ستمبر میں عام صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا۔
ڈویلپرز کانفرنس WWDC 2026 کے دوران اس اپڈیٹ سے متعلق مزید معلومات سامنے آئیں، جس میں بتایا گیا کہ iOS 27 میں کئی نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سِری کا بہتر ورژن بھی شامل ہے۔
ایپل نے واضح کیا ہے کہ اے آئی فیچرز صرف مخصوص جدید آئی فون ماڈلز تک محدود ہوں گے، جن میں آئی فون 15 پرو، 15 پرو میکس، آئی فون 16 سیریز، آئی فون 16e، آئی فون 17e، آئی فون ایئر اور آئی فون 17 سیریز شامل ہیں۔
دوسری جانب iOS 27 مجموعی طور پر متعدد پرانے ماڈلز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ کمپنی کے مطابق یہ اپڈیٹ آئی فون 11 اور اس کے بعد کے ماڈلز پر انسٹال کیا جا سکے گا، جبکہ 2018 یا اس سے پہلے کے ماڈلز اس سے محروم رہیں گے۔
اس طرح آئی فون 11، 12، 13، 14، 15، 16 اور 17 سیریز کے صارفین اس نئے آپریٹنگ سسٹم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ آئی فون SE (سیکنڈ جنریشن اور اس کے بعد کے ورژن) بھی اس اپڈیٹ کو سپورٹ کریں گے۔