منفی سیاست ناکام، آزاد کشمیر میں نام نہاد ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی اپیل بے اثر، مظفرآباد، باغ اور کوٹلی میں کاروباری مراکز کھلے رہے

01:45 PM, 9 Jun, 2026

اسلام آباد: آزاد کشمیر کے غیور اور امن پسند عوام نے نام نہاد کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ وادی کے تمام اضلاع میں پہیہ جام اور ہڑتال کی کوششیں یکسر مسترد کر دی گئیں، جس کے بعد سماجی اور معاشی زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
تفصیلات کے مطابق، دارالحکومت مظفرآباد میں ہڑتال کی کال کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا، جہاں تمام بازار، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلے رہے اور شہریوں نے روزمرہ کی خریداری جاری رکھی۔ انتظامیہ کے مطابق تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں ملازمین نے فرائض سرانجام دیے، جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی طلبہ کی حاضری معمول کے مطابق رہی۔
کشمیر کے دیگر اضلاع باغ اور کوٹلی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں بھی احتجاجی کال مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئی۔ باغ میں شہری اپنے روزمرہ کے روزگار میں مصروف دکھائی دیے، جبکہ کوٹلی میں بھی نجی و سرکاری اداروں اور سکولوں، کالجوں میں تدریسی و اداری سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں۔
سیاسی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مظفرآباد، باغ اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کے عوام نے احتجاج کا حصہ بننے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ عوام نے اس بائیکاٹ کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی انتشار پسندانہ سیاست کے بجائے امن، استحکام اور وادی کی ترقی کے حامی ہیں۔

مزیدخبریں