مظفرآباد میں دشمن کا نیٹ ورک تباہ: چہلہ میں ٹارگٹڈ سیکیورٹی آپریشن، 5 ملزمان بھاری اسلحے اور حساس ڈیجیٹل ڈیٹا سمیت دھر لیے گئے

03:22 PM, 9 Jun, 2026

مظفرآباد :آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ہائی پروفائل انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی کا مقامی نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے 5 مشتبہ کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کارروائی مظفرآباد کے حساس علاقے چہلہ میں کی گئی، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مخصوص ٹھکانے پر چھاپہ مار کر ملزمان کو قابو کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 7 خودکار ہتھیار، متعدد گرنیڈ اور تخریب کاری کے لیے تیار کیا گیا دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا ہے۔
 نیٹ ورک کے زیرِ استعمال لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات کو فوری طور پر ضبط کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کے ڈیجیٹل آلات کی اسکریننگ سے ملک دشمن عناصر کے ساتھ مشکوک روابط اور انتہائی حساس نوعیت کا ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔
    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے ملنے والے شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گروپ بیرونی اور دشمن خفیہ ایجنسی کے براہِ راست یا بالواسطہ رابطے میں تھا اور علاقے میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے مشن پر تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کے خلاف سخت ترین دفعات کے تحت تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

مزیدخبریں