اسلام آباد :پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے ملک کے خلاف سرحد پار سے بنے جانے والے خطرناک گٹھ جوڑ کا پردہ چاک کرتے ہوئے فتنہ الخوارج، بھارتی خفیہ ایجنسی "را" (RAW) اور ملک کے اندر موجود کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان گہرے روابط کے سنسنی خیز شواہد حاصل کر لیے ہیں۔
تفتیشی اداروں کو اس گٹھ جوڑ کے پیچھے کارفرما نیٹ ورک کے ایسے پختہ ثبوت ملے ہیں جنہیں جھٹلانا ناممکن ہے، اور اس حوالے سے کئی ہوشربا حقائق میڈیا کے سامنے آ گئے ہیں۔ افغانستان میں روپوش فتنہ الخوارج کے اہم خارجی شہزاد، جو بھارتی ایجنسی "را" کے لیے سرگرم عمل ہے، کے کالعدم ایکشن کمیٹی سے براہِ راست رابطے ثابت ہو چکے ہیں۔
منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں خارجی شہزاد کو افغانستان کی زمین استعمال کرتے ہوئے، بھارت کا تحریر کردہ پاکستان مخالف بیانیہ اورسکرپٹ واضح ہے۔ حاصل شدہ آڈیو ریکارڈنگ سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ خارجی دہشت گرد پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو باقاعدہ لائن آف ایکشن اور ہدایات جاری کر رہا تھا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوامی جذبات کی آڑ میں ملک دشمن ایجنڈا چلانے والے اس نیٹ ورک کی کڑیاں ملنے کے بعد قانون حرکت میں آ چکا ہے۔ افغانستان سے آپریٹ ہونے والے اس گروہ کے ملک کے اندر موجود تمام آلے کاروں اور سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کریک ڈاؤن کا دائرہ تیز کر دیا گیا ہے۔
را کا مہرہ بے نقاب: فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کی آڈیو ویڈیو سامنے آ گئی، افغانستان سے بیٹھ کر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو ہینڈل کرنے کا انکشاف
02:48 PM, 9 Jun, 2026