قوم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی صفائی مہم کو سراہا : مریم اورنگزیب

05:52 PM, 9 Jun, 2025

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ عید کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے کی جانے والی صفائی مہم نے مثالی کامیابی حاصل کی، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب کو ملک بھر سے داد موصول ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قربانی کے دنوں میں ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے صوبے بھر میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کوڑا دان اور بیگز فراہم کیے گئے۔ اس عمل کی نگرانی جدید نگرانی نظام (سیف سٹی کیمرے) کے ذریعے کی گئی تاکہ ہر علاقے میں صفائی کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر ضلع اور تحصیل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور صفائی کے معاملے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کی۔ شدید گرمی کے باوجود عملے نے بھرپور محنت سے گھر گھر جا کر آلائشیں اکٹھی کیں، جس سے شہر صاف اور خوشگوار نظر آئے۔

انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ اسٹاف، بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت نے یہ مہم کامیاب بنائی۔ ساتھ ہی پولیس کی معاونت کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ یہ مہم کسی میڈیا شو کی بجائے حقیقت پر مبنی تھی، جس میں عوام کا بھی بھرپور تعاون شامل تھا۔ ان کے مطابق جب مقصد صرف عوامی خدمت ہو، تو اس کے مثبت نتائج ضرور سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس بار اپنی سابقہ کارکردگی سے بھی بہتر کام کیا ہے۔

مزیدخبریں